پاکستان کے سکیورٹی ادارے زندہ باد ، پولیس اور رینجرز اہلکار چینی قونصلیٹ میں داخل

پولیس اور رینجرز نے کلئیرنس آپریشن شروع کر دیا، آرمی اور ایف سی کے دستے بھی پہنچ گئے



کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 نومبر 2018ء): کراچی کے علاقہ کلفٹن بلاک 4 میں دہشتگردوں نے آج صبح چین کے  قونصلیٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک شخص زخمی ہوا۔ دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے کے بعد پولیس اور رینجرز چینی قونصلیٹ کے اندر داخل ہو گئے جس کے بعد اب کلئیرنس آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ آرمی اور ایف سی کی نفری بھی چینی قونصلیٹ پہنچ گئی ہے ۔
پولیس اور رینجرز کی جوابی کارروائی میں دو دہشتگردوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں جن کے قبضے سے اسلحہ اور خود کُش جیکٹس بھی برآمد ہوئی جنہیں تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ البتہ ڈی آئی جی ساؤتھ نے ایک ہی حملہ آور کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔ پولیس اور رینجرز نے چینی قونصل خانے کے اندر کلئیرنس آپریشن کا آغاز کردیا ہے جس کے تحت قونصل خانے کے تمام کمروں کی تلاشی لی جا رہی ہے


قبل ازیں موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حملہ آور ہونے والے دہشتگردوں کی تعداد 3 سے 4 تھی ، دو دہشتگردوں کے ہلاک ہونے کی اطلاع موصول ہو چکی ہے جبکہ باقی کی تلاش کی جا رہی ہے۔
خود کُش جیکٹ کو ناکارہ بنانے کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو چینی قونصل خانے طلب کر لیا گیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق پولیس اور رینجرز چینی قونصل خانے کے اندر داخل ہو گئے ہیں جبکہ فائرنگ کی آوازیں فی الوقت سنائی نہیں دے رہیں۔ یاد رہے کہ آج صبح کراچی میں چینی قونصل خانے پر دہشتگردوں نے حملہ کیا۔چینی قونصل خانے کے قریب دہشتگردوں نے سکیورٹی گارڈز پر حملہ کیا جس پر پولیس کی بھاری نفری کو چینی قونصل خانے طلب کر لیا گیا ۔
پولیس کی جائے وقوعہ آمد پر دہشتگردوں اور پولیس کے مابین فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا، دہشتگردوں کی قونصل خانے کے اندر موجودگی پر پولیس نے مزید بھاری نفری اور رینجرز کو طلب کر لیا گیا جبکہ ریسکیو حکام بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق دونوں اطراف سے فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں۔ قونصل خانے کی عمارت سے دھواں اُٹھتا ہوا بھی دیکھا گیا۔ قونصل خانے کے اندر سے دو دستی بم بھی پھینکے گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دہشتگردوں کے حملے کے بعد چینی سفارتخانے کو جانے والی ٹریفک کو روک دیا گیا ہے ذرائع کے مطابق چینی قونصل خانے کے پاس سے ایک مشکوک گاڑی بھی برآمد ہوئی ہے جس کے حوالے سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دہشتگرد اسی گاڑی میں سوار ہو کر آئے۔ دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کے فوری بعد علاقہ سے دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں البتہ دھماکوں کی نوعیت سے متعلق کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔
ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق تینوں دہشتگرد چینی قونصل خانے کے اندر موجود ہیں۔ ایک دہشتگرد قونصل خانے کے اندر، دوسرا قونصل خانے کے مین گیٹ پر جبکہ تیسرا دہشتگرد پولیس پر فائرنگ کر رہا تھا۔ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم اوڈھو نے واقعہ میں دو پولیس اہلکاروں کے شہید ہونے کی تصدیق کر دی۔ ڈی آئی جی ساؤتھ نے بتایا کہ حملے میں ایک شخص زخمی بھی ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ چینی قونصلیٹ کے باہر پولیس کی بھاری نفری موجود ہے اور قونصلیٹ کے آس پاس کے علاقہ کو پولیس نے سیل کر دیا ہے ۔
دوسری جانب ایس ایس پی ساؤتھ میر محمد شاہ کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے آپریشن شروع کیا۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی چینی قونصل خانے پر دہشتگرد حملے کا نوٹس لیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اس حوالے سے ایڈشنل آئی جی کراچی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں ہدایت کی کہ پولیس کی مزید نفری کو چینی قونصل خانے بھجوایا جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ایڈشنل آئی جی سے کہا کہ مجھے پل پل کی خبر دیتے رہیں ، انہوں نے ایڈشنل آئی جی کو یہ بھی ہدایت کی کہ آپ خود بھی جا کر دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کی نگرانی کریں اور مجھے وقتاً فوقتاً صورتحال سے آگاہ کرتے رہیں۔چینی قونصل خانے پر دہشتگرد حملے کے بعد ملک بھر میں موجود قونصل خانوں کی سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے

Comments

Popular posts from this blog

Guman By Jaun Elia Poetry Book Pdf Download

Goya By Jaun Elia Pdf Download free